اسلام آباد -حج 2027 کی درخواستوں اور اخراجات کی وصولی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، جبکہ سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی اگست کے تیسرے ہفتے سے شروع کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق حج 2027 کے اخراجات کی ادائیگی کے لیے عازمین کو متعدد ڈیجیٹل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ون لنک، پی ایس آئی ڈی، کریڈٹ کارڈ اور آن لائن چالان کے ذریعے رقوم جمع کرانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔
بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج کی درخواستیں جمع کرانے اور واجبات ادا کرنے کے قابل ہوں گے۔ تاہم درخواستیں اور رقوم وصول کرنے کے لیے ایک نجی بینک کو مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حج اخراجات دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے، جس کے تحت نصف رقم پہلی قسط جبکہ باقی رقم دوسری قسط میں ادا کرنا ہوگی۔
حکام کے مطابق پہلے سے رجسٹرڈ عازمین ہی حج 2027 کے لیے درخواستیں جمع کراسکیں گے اور واجبات ادا کرنے کے اہل ہوں گے۔ نجی حج اسکیم کے عازمین کو بھی ون لنک، پی ایس آئی ڈی اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے اخراجات جمع کرانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق حج 2027 کا مجموعی پاکستانی حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 مقرر کیا گیا ہے۔ سرکاری حج اسکیم کے لیے 60 فیصد یعنی ایک لاکھ 7 ہزار 526نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ نجی حج اسکیم کے لیے 40 فیصد یعنی 71 ہزار 684 نشستیں مختص ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے حج واجبات کی ادائیگی کا عمل عازمین کے لیے مزید آسان، تیز اور محفوظ بنایا گیا ہے۔