لاہور: بھارت کی مختلف جیلوں سے رہائی پانے والے 25 پاکستانی شہری واہگہ-اٹاری سرحد کے راستے وطن واپس پہنچ گئے، جہاں اپنی سرزمین پر قدم رکھتے ہی کئی افراد جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے، جبکہ بعض شہریوں نے وطن واپسی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بھی ادا کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارت کی جیلوں سے رہائی کے بعد 25 پاکستانی شہری واہگہ-اٹاری سرحد عبور کرکے پاکستان پہنچے۔ اس موقع پر بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام بھی سرحد پر موجود تھے جنہوں نے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کے عمل میں سہولت فراہم کی۔
پاکستان پہنچنے والے شہریوں سے سیکیورٹی حکام کی جانب سے معمول کی تفتیش اور ضروری کارروائی مکمل کی جائے گی، جس کے بعد انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کردیا جائے گا۔
نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق بھارت کی جیلوں میں قید مزید پاکستانی شہریوں کی رہائی اور انہیں وطن واپس لانے کے لیے بھی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان قونصلر رسائی کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو ایک دوسرے کی جیلوں میں موجود پاکستانی اور بھارتی شہریوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔
یکم جولائی 2026 کو فہرستوں کے تبادلے کے دوران بھارت نے اپنی جیلوں میں موجود 439 پاکستانی یا پاکستانی تصور کیے جانے والے قیدیوں کی فہرست پاکستان کے حوالے کی تھی، جن میں 386 سول قیدی اور 53 ماہی گیر شامل تھے۔
اسی طرح پاکستان نے اپنی جیلوں میں موجود 250 بھارتی یا بھارتی تصور کیے جانے والے قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کی، جن میں 52 سول قیدی اور 198 ماہی گیر شامل ہیں۔
حکام کے مطابق بھارت میں موجود دیگر پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے سفارتی سطح پر کوششیں جاری رہیں گی۔