آپریشن ردالفتنہ 3، محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، آواران میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن میں تین دہشت گرد ہلاک ہونے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے اہلکار قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
وزیر داخلہ کے مطابق بلوچستان میں جاری کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ اور صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے آپریشن ردالفتنہ 3 میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گردی کے خاتمے تک کوششیں جاری رکھنے کا عزم برقرار ہے۔
حالیہ کارروائی کے دوران 17 ستمبر کو ضلع آواران کے بدرنگ کے علاقے میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا، جس میں سکیورٹی فورسز کے مطابق تین دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔