امریکا کی یوکرین کے لیے 2.68 ارب ڈالر کے فوجی پیکیج کی منظوری
واشنگٹن: امریکا نے یوکرین کے فضائی دفاع کو جدید بنانے کے لیے 2.68 ارب ڈالر کے ممکنہ فوجی پیکیج کی منظوری دے دی ہے، جس میں مختلف میزائل، لانچنگ سسٹمز، ڈرون شکن ریڈارز اور تکنیکی معاونت شامل ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یوکرین نے فضائی دفاع کی صلاحیت بڑھانے اور موجودہ نظام کو جدید بنانے کے لیے مختلف فوجی سازوسامان کی درخواست کی تھی۔ پیکیج میں ایس-300 طرز کے میزائل، جی اے ایم-67 میزائل، طویل فاصلے کے لیزر گائیڈڈ فضائی دفاعی راکٹ سسٹمز اور موبائل لانچرز کی ترمیمی کٹس شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پیکیج میں ڈرون شکن ریڈارز، بلند ہونے والے ماسٹ ٹریلرز، اسپیئر پارٹس، سافٹ ویئر، مرمت و دیکھ بھال اور انجینئرنگ، تکنیکی و لاجسٹک معاونت بھی شامل ہے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق یہ منظوری حتمی معاہدے کے مترادف نہیں، بلکہ ممکنہ فوجی فروخت کے لیے امریکی محکمہ خارجہ کی منظوری ہے۔ معاہدے کو مکمل ہونے کے لیے مزید قانونی اور انتظامی مراحل سے گزرنا ہوگا۔
اگر معاہدہ مکمل ہوتا ہے تو یوکرین اس کی مالی معاونت یورپی ممالک کی شراکت اور سابق امریکی انتظامیہ کے دور میں مختص کیے گئے امریکی فارن ملٹری فنانسنگ فنڈز کے ذریعے کرے گا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق اس فروخت سے یوکرین کی موجودہ اور مستقبل کے فضائی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔