اسحاق ڈار سے برطانوی اور ترک سفیروں کی ملاقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور ترکیہ کے سفیر عرفان نذیروغلو نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسلام آباد میں اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کا جائزہ لیا۔ دونوں جانب سے اسحاق ڈار کے اگست میں برطانیہ کے حالیہ دورے کے دوران طے پانے والی مفاہمت اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔
اسحاق ڈار نے اعلیٰ سطح کے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا جبکہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور بھی زیر بحث آئے۔
دوسری جانب ترکیہ کے سفیر عرفان نذیروغلو نے بھی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے ملاقات کی، جس میں پاک ترک دوطرفہ تعلقات اور خطے کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک سفیر نے مختلف دوطرفہ ادارہ جاتی طریقہ کار کے تحت تعاون میں ہونے والی پیش رفت سے اسحاق ڈار کو آگاہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان آئندہ مشترکہ کمیشن اور اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے آٹھویں اجلاس کی تیاریوں کے لیے قریبی رابطہ کاری پر بھی زور دیا گیا۔
اسحاق ڈار نے ترکیہ کے ساتھ اہم ترجیحی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی مسائل کے حل اور دیرپا امن، استحکام و خوشحالی کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی مؤثر راستہ ہیں۔