ٹرمپ کا CNN، MS NOW اور Politico کے وائٹ ہاؤس داخلے پر پابندی کا اعلان
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے CNN، MS NOW اور Politico کے نمائندوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روکنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد امریکی انتظامیہ اور میڈیا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر نمایاں ہوگئی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کی جانب سے ان کی انتظامیہ کے بارے میں مسلسل غلط خبریں شائع اور نشر کی جارہی تھیں، جس کی بنیاد پر انہوں نے فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
امریکی صدر نے مزید میڈیا اداروں کے خلاف بھی اسی نوعیت کی کارروائی کا عندیہ دیا۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کسی ایک خبر کے بجائے ان اداروں کی مجموعی کوریج کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق ٹرمپ کے اعلان کے باوجود وائٹ ہاؤس میں موجود بعض متعلقہ صحافی معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے، جبکہ پابندی کے عملی دائرہ کار اور اس کے اطلاق کے طریقہ کار کی مکمل وضاحت سامنے نہیں آئی۔
متعلقہ میڈیا اداروں نے اس اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے اسے آزادیٔ صحافت اور امریکی آئین میں دیے گئے صحافتی حقوق سے متصادم قرار دیا ہے، جبکہ قانونی ماہرین اور آزادیٔ صحافت کی تنظیموں کی جانب سے بھی ممکنہ قانونی چیلنج کی بات کی گئی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ٹرمپ اور امریکی میڈیا کے درمیان ان کی انتظامیہ کی پالیسیوں اور کوریج کے معاملے پر طویل عرصے سے اختلافات جاری ہیں۔