تازہ ترین

پی ٹی آئی کے 27 ستمبر مارچ` خیبرپختونخوا سے مرحلہ وار پیش قدمی کا پلان بنا لیا

0

پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب اعلان کردہ مارچ کے لیے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارکنوں کو منظم کرنے اور راستے میں کیمپ قائم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، جبکہ پارٹی کے مطابق مارچ کی تاریخ برقرار ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 12 مقامات پر کارکنوں کو منظم کرنے کی تیاری کی گئی ہے۔ پشاور، خیبر، نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک کے کارکنوں کے لیے اٹک پل کے اطراف، جبکہ ملاکنڈ، صوابی، مردان اور چارسدہ کے کارکنوں کے لیے موٹروے کے مختلف مقامات پر کیمپ تجویز کیے گئے ہیں۔

ہری پور میں حطار، خانپور، جھاری کس اور مکھنیال جبکہ ہزارہ موٹروے کے مقامات بھی منصوبے میں شامل ہیں۔ ایبٹ آباد میں باریان اور کوہالہ، صوابی میں ٹوپی اور ایم ون موٹروے، نوشہرہ میں خیرآباد کنڈ، لکی مروت میں کنڈل اور کوہاٹ میں خوشحال گڑھ کو بھی کیمپوں کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔

پارٹی کی جانب سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو کیمپوں میں شرکت اور انتظامات میں کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ضلعی تنظیموں کو شرکا کے لیے کھانے، پانی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق کیمپوں کا مقصد مارچ میں شریک کارکنوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی جانب سے پشاور سے مارچ کی قیادت کیے جانے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق تفصیلی فیصلے میں قرار دیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت یا عوامی عہدہ رکھنے والے شخص کو اسلام آباد کی سڑکوں، شاہراہوں یا سرکاری عمارتوں پر قبضہ کرنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں۔ عدالت نے صوبائی حکومتوں کو احتجاج کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہ ہونے دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان 27 ستمبر کے احتجاج کے معاملے پر سیاسی اور انتظامی سطح پر سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ اپوزیشن اتحاد نے مارچ کو پرامن اور آئینی جدوجہد قرار دیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.