تازہ ترین

ملک گیر انسداد پولیو مہم شروع، 3 کروڑ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

0

اسلام آباد: پاکستان میں پولیو کے خلاف جاری کوششوں کے نتیجے میں رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد نمایاں کم ہوکر 4 رہ گئی ہے، جبکہ ماحولیاتی نگرانی کے نمونوں میں وائرس کی موجودگی کی شرح بھی 10 فیصد سے کم ہوگئی ہے۔

رواں سال رپورٹ ہونے والے چار کیسز میں سے تین جنوبی خیبرپختونخوا سے سامنے آئے ہیں، جس کے باعث ان علاقوں کو اب بھی پولیو کے حوالے سے زیادہ خطرے والے علاقوں میں شمار کیا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے نئی ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور کوششیں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ملک میں وائرس کی منتقلی مکمل طور پر ختم نہیں ہوجاتی۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق پاکستان میں پولیو کیسز 2024 میں 74، 2025 میں 31 جبکہ 2026 میں اب تک 4 رپورٹ ہوئے ہیں۔ حکومت کے مطابق یہ کمی انسداد پولیو پروگرام میں پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے، تاہم جنوبی خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں سمیت زیادہ خطرے والے مقامات پر مسلسل توجہ کی ضرورت ہے۔

نئی ذیلی قومی انسداد پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران ملک کے 115 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مہم میں بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے مختلف اضلاع شامل ہیں۔ حکام کے مطابق زیادہ خطرے والے علاقوں تک ویکسی نیشن ٹیموں کی رسائی یقینی بنانا اور ہر اہل بچے کو ویکسین دینا پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.