تازہ ترین

احسن اقبال کا لیاقت بلوچ سے رابطہ، مذاکرات کی دعوت

0

اسلام آباد: پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر جماعت اسلامی کے احتجاج اور 20 ستمبر کے اسلام آباد مارچ کی تیاریوں کے دوران حکومت نے ایک بار پھر جماعت اسلامی سے رابطہ کرکے مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ حکومت تمام معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے ہفتے کے روز جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

حکومتی رابطے پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ وہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن اور سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد باضابطہ جواب دیں گے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کے پانچ دور ہوچکے ہیں۔ پہلا دور لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ہوا، جبکہ بعد کے چار ادوار اسلام آباد میں ہوئے۔ آخری مذاکراتی نشست 16 ستمبر کو ہوئی تھی، جو کسی حتمی اتفاق رائے کے بغیر ختم ہوئی تھی۔

جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے حکومت کے سامنے متعدد تجاویز بھی پیش کی ہیں، جبکہ مطالبات پر حتمی پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں 20 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کا اعلان برقرار رکھا گیا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.