ایران دشمن کے کسی بھی اقدام کا جواب دینے کیلئے تیار ہے، پاسداران انقلاب
تہران- ایرانی پاسداران انقلاب کی بری فوج کے کمانڈر محمد کرمی نے کہا ہے کہ ایران دشمن کی جانب سے کسی بھی ممکنہ غلط اقدام یا جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
محمد کرمی کے مطابق ایرانی فورسز کسی بھی صورتحال سے نمٹنے اور دشمن کی جانب سے کیے جانے والے ممکنہ اقدام کا طاقت کے ذریعے جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی خطرے کی صورت میں مناسب ردعمل دینے کے لیے اپنی تیاری برقرار رکھے ہوئے ہے۔
دوسری جانب تہران میں امام حسین اسکوائر سے انقلاب اسکوائر تک ایک بڑا جلوس نکالا گیا، جس میں ’جان فدا‘ مہم سے وابستہ جنگی بٹالینز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ملک کو درپیش ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ’جان فدا‘ مہم کے تحت 3 لاکھ 13 ہزار افراد کو متحرک کیا گیا ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بسیج تنظیم کے سربراہ حسین طائب نے ’جان فدا‘ مہم کو ایران میں عوامی شمولیت کی ایک بڑی مثال قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم ایران کے عوام کی ثابت قدمی اور ملک کے دفاع کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد ملکی سلامتی کو مضبوط بنانا، عوامی طاقت کا اظہار کرنا اور ممکنہ بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیاری بڑھانا ہے۔