گرین لینڈ کی سیکیورٹی سے متعلق امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ میں معاہدہ، ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ کے درمیان گرین لینڈ کی سیکیورٹی اور دفاع سے متعلق ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت امریکا کو جزیرے میں اپنی فوجی موجودگی اور سیکیورٹی کردار بڑھانے کے امکانات حاصل ہوں گے۔
ٹرمپ کے مطابق معاہدے کے تحت امریکا کو گرین لینڈ کے دفاع اور سیکیورٹی کے لیے مستقل بنیادوں پر ضروری اقدامات کرنے کی صلاحیت حاصل ہوگی۔ معاہدے میں امریکا کے مخالف ممالک کو گرین لینڈ میں فوجی اڈے قائم کرنے یا بعض حساس سرمایہ کاری کی اجازت نہ دینے کی شقیں بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب ڈنمارک اور گرین لینڈ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ معاہدہ گرین لینڈ کی خودمختاری اور عوام کے حقِ خود ارادیت کو برقرار رکھتا ہے۔ گرین لینڈ ڈنمارک کی خودمختاری کے تحت ہی رہے گا، جبکہ امریکا کو سیکیورٹی اور دفاع کے حوالے سے وسیع تر کردار ملے گا۔
معاہدے پر آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے، تاہم اسے ڈنمارک اور گرین لینڈ کی متعلقہ پارلیمانوں کی منظوری بھی درکار ہوگی۔