مظفرآباد: آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 17 حویلی کے انتخابی نتائج پر جاری تنازع میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، الیکشن کمیشن نے نتائج چیلنج کرنے والے دونوں امیدواروں کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے انہیں اپنے اعتراضات کے ازالے کے لیے متعلقہ الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز اور آزاد امیدوار خواجہ طارق سعید ایڈووکیٹ نے انتخابی نتائج پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے اپیلیں دائر کی تھیں، جن کی سماعت چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ مصطفیٰ مغل کی سربراہی میں ہوئی۔ سماعت میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ احسن اور ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسین گیلانی بھی شریک ہوئے۔
چیف الیکشن کمشنر اور سینئر ممبر الیکشن کمیشن نے دونوں امیدواروں کی اپیلیں مسترد کردیں اور قرار دیا کہ انتخابی نتائج سے متعلق اعتراضات کے لیے دونوں امیدوار متعلقہ الیکشن ٹربیونل سے رجوع کریں۔
تاہم ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسین گیلانی نے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اختلافی نوٹ تحریر کیا۔ انہوں نے دونوں امیدواروں کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کو ہدایت کی کہ متنازع پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کا دوبارہ جائزہ لیا جائے۔
اختلافی نوٹ میں کہا گیا کہ پریزائڈنگ افسران کی جانب سے جاری کیے گئے فارم 24 اور پولنگ ایجنٹس کو فراہم کیے گئے فارم 24 کا باہمی موازنہ کیا جائے اور متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کے نتائج اسی بنیاد پر مرتب کیے جائیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی قوانین کے تحت ایسی صورتحال میں اکثریتی فیصلہ قابل عمل ہوتا ہے، اس لیے کمیشن کے اکثریتی فیصلے کے مطابق دونوں امیدواروں کو انتخابی نتائج کے خلاف الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنا ہوگا۔