ایران کی بحریہ اور فضائیہ ختم ہوچکی، پاسداران انقلاب فرار ہو رہے ہیں: ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف سخت بیان دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ تہران اب پہلے جیسی طاقت نہیں رکھتا اور ’’صرف باتیں کرتا ہے، عمل نہیں‘‘، جبکہ ایران اب مشرق وسطیٰ کا بدمعاش بھی نہیں رہا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر ایک حالیہ پوسٹ میں ایران کے خلاف کئی سخت دعوے کیے۔ امریکی صدر کے مطابق امریکا کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے اور واشنگٹن اس کنٹرول کو برقرار رکھے گا۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا کی بحری ناکہ بندی کو ہر کوئی ’’فولادی دیوار‘‘ قرار دے رہا ہے اور ایران اس ناکہ بندی کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس اب نہ بحریہ باقی ہے اور نہ ہی فضائیہ، جبکہ ایرانی فوج کے باقی ماندہ اہلکاروں کو تنخواہیں بھی نہیں مل رہیں۔ ان کے بقول پاسداران انقلاب کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس کے اہلکار فرار ہو رہے ہیں۔
ٹرمپ نے ایرانی قیادت کی صورتحال کو بھی انتہائی غیر یقینی اور ابتر قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پاس مالی وسائل تقریباً ختم ہوچکے ہیں اور ملک کا بیشتر حصہ تباہ و برباد ہوچکا ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ تہران کے پاس اب صرف ’’فیک نیوز‘‘ اور 300 فیصد سے زائد مہنگائی رہ گئی ہے۔
ٹرمپ کے یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور آبنائے ہرمز سمیت خطے کے اہم معاملات عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔