تازہ ترین

امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی روابط مزید مضبوط، پانچ سالہ معاہدے پر دستخط

0

اسلام آباد: پاکستان اور امریکہ نے اعلیٰ تعلیم اور تعلیمی تبادلوں کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پانچ سالہ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ نئے معاہدے کے تحت فل برائٹ اسکالرشپ سمیت مختلف تعلیمی تبادلے کے پروگرام جاری رہیں گے، جس سے پاکستانی طلبہ، اسکالرز اور امریکی ماہرین کو تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔

معاہدے پر اسلام آباد میں یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے دستخط کیے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے جاری تعلیمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

نئے معاہدے کے تحت پاکستانی طلبہ اور اسکالرز کو امریکی جامعات اور مختلف تعلیمی پروگراموں تک رسائی حاصل رہے گی، جہاں وہ جدید تعلیم اور تحقیق سے استفادہ کرنے کے ساتھ حاصل کردہ مہارتوں کو پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں بروئے کار لا سکیں گے۔

دوسری جانب اس شراکت داری کے تحت امریکی شہریوں اور ماہرین کے پاکستان میں تحقیق، کاروبار اور صحت عامہ سے متعلق منصوبوں کے لیے آنے کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ اور تعلیمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

حکام کے مطابق یہ معاہدہ مہارتوں کے فروغ، سائنسی ترقی اور ادارہ جاتی تعاون کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے مشترکہ معاشی اور سلامتی کے مفادات کے لیے بھی معاون ثابت ہوگا۔

یہ شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان 75 سالہ تعلیمی تعاون کی بنیاد پر مزید آگے بڑھ رہی ہے۔ مختلف تعلیمی تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے اب تک 9 ہزار سے زائد پاکستانیوں اور تقریباً ایک ہزار امریکی شہریوں کو تعلیم، مہارت اور پیشہ ورانہ روابط حاصل کرنے کے مواقع مل چکے ہیں۔

یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان 1950 سے تعلیمی اور ثقافتی تبادلے کے پروگراموں کا انتظام کر رہی ہے، جبکہ فل برائٹ پروگرام امریکی حکومت کا اہم بین الاقوامی اسکالرشپ پروگرام ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.