تازہ ترین

اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے نئی سہولیات کا جائزہ

0

اسلام آباد: حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں سرکاری خدمات کی فراہمی مزید آسان بنانے کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کے دائرہ کار کو بڑھانے پر زور دیا ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مختلف مشکلات، موجودہ سہولیات اور ان کے حل کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دے کر بیرون ملک پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ خدمات آن لائن فراہم کی جائیں تاکہ انہیں معمولی نوعیت کے معاملات کے لیے ذاتی طور پر سرکاری دفاتر یا متعلقہ اداروں سے رجوع نہ کرنا پڑے۔

اجلاس میں بیرون ملک پاکستانیوں کو درپیش مختلف مسائل کے حل کے لیے حکومت کی جانب سے اب تک کیے گئے اقدامات اور فراہم کی جانے والی نئی سہولیات کے حوالے سے حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔

حکام نے بتایا کہ حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کی نمائندہ شخصیات سے مشاورت کے بعد ان کے مسائل کی نشاندہی اور حل کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، جبکہ انہیں سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھی کام جاری ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بیرون ملک پاکستانیوں کو مختلف سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے نظام کو مضبوط بنایا جائے جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خدمات کے حصول کے لیے ذاتی طور پر موجود ہونے کی ضرورت کم سے کم ہو۔

اجلاس میں اس بات کا بھی جائزہ لیا گیا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے موجودہ سہولیات کو کس طرح مزید مؤثر اور آسان بنایا جا سکتا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو شہریوں کو درپیش مشکلات کے فوری حل اور خدمات کی فراہمی میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز، وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.