تازہ ترین

اسلامی ممالک کو مشترکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بنایا جائے، مولانا فضل الرحمان

0

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پاک، ترک اور سعودی دفاعی معاہدے کو اسلامی دنیا کے اتحاد کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے میں دیگر اسلامی ممالک کو بھی شریک ہونا چاہیے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اسلامی دنیا کی مشترکہ دفاعی قوت ہمیشہ سے ان کی خواہش رہی ہے، جبکہ پاکستان اور سعودی عرب مسلم امہ کی قیادت کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ جے یو آئی (ف) کے منشور اور نظریے کی عکاسی کرتا ہے۔ اسلامی بلاک کا قیام روزِ اول سے جے یو آئی کے منشور کا حصہ رہا ہے اور تینوں ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاک، سعودی، ترکیہ دفاعی معاہدہ اجتماعی سلامتی کا مضبوط ستون ثابت ہوگا اور یہ معاہدہ امت مسلمہ کے درمیان مطلوبہ اتحاد و یکجہتی کی نمائندگی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدہ اسلامی مقدسات کے وقار اور تحفظ کے عزم کی علامت ہے اور اسلامی ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی راہ بھی ہموار کرے گا۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام حرمین شریفین کے دفاع کو عظیم اعزاز سمجھتے ہیں، دعا ہے کہ یہ دفاعی معاہدہ پوری امت مسلمہ کے عروج کا ذریعہ بنے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.