تازہ ترین

آزاد کشمیر انتخابات میں اہم پیش رفت، باغ کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کا فیصلہ

0

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ انتخابات کے دوران باغ کے دو انتخابی حلقوں میں 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق ایل اے 15 باغ 2 کے 9 جبکہ ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر 15 اگست 2026 کو دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔ ری پولنگ کے لیے تمام انتظامات مکمل کرنے کا عمل جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق ری پولنگ کا فیصلہ متعلقہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ دونوں حلقوں کے مجموعی 23 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ دوبارہ کرائی جائے گی، جبکہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

ترجمان کے مطابق حلقہ ایل اے 15 باغ 2 کے ریٹرننگ افسر کی جانب سے مجموعی 213 پولنگ اسٹیشنز میں سے 204 کے نتائج موصول ہو چکے ہیں، جبکہ باقی پولنگ اسٹیشنز کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے مقررہ کارروائی جاری ہے۔

اسی طرح حلقہ ایل اے 16 باغ 3 کے ریٹرننگ افسر کی جانب سے مجموعی 186 پولنگ اسٹیشنز میں سے 172 کے نتائج موصول ہوئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ایل اے 15 باغ 2 کے جن 9 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی، ان میں پولنگ اسٹیشن نمبر 114، 135، 143، 144، 145، 146، 147، 148 اور 186 شامل ہیں۔

دوسری جانب ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر بھی دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔ ان پولنگ اسٹیشنز میں نمبر 28، 29، 40، 49، 50، 51، 77، 91، 109، 110، 111، 112، 143 اور 149 شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں حلقوں میں ری پولنگ کے لیے مقررہ تاریخ 15 اگست 2026 ہے اور ووٹرز صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.