11 سال کی عمر میں کوکین کی پیشکش ہوئی، ہالی ووڈ اداکارہ ڈیفنی کین کا انکشاف
لاس اینجلس: ہالی ووڈ فلم ’’لوگن‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ ڈیفنی کین نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کم عمری میں فلمی تقریبات کے دوران منشیات کی پیشکش کی جاتی تھی۔
21 سالہ اداکارہ نے پوڈکاسٹ ’’انسائیڈ آف یو‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہالی ووڈ میں کم عمری میں کام شروع کرنے کے بعد انہیں ایسے تجربات کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے انہیں شراب اور منشیات سے دور رہنے کا فیصلہ کرنے پر آمادہ کیا۔
ڈیفنی کین کے مطابق انہیں 11 سے 13 سال کی عمر کے دوران فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے پر منعقد ہونے والی پارٹیوں میں کوکین کی پیشکش کی گئی، تاہم انہوں نے ہر بار انکار کیا۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ آج بھی شراب اور منشیات سے دور رہتی ہیں اور دوستوں کے ساتھ تقریبات میں شرکت کے باوجود نشہ نہیں کرتیں۔
گفتگو کے دوران انہوں نے فلم ’’لوگن‘‘ میں اپنے ساتھی اداکار ہیو جیک مین کی تعریف بھی کی اور کہا کہ وہ ان کے لیے والد جیسی شخصیت تھے۔
ڈیفنی کین کے مطابق ہیو جیک مین اس بات کا خاص خیال رکھتے تھے کہ سیٹ پر ان سے مقررہ اوقات سے زیادہ کام نہ لیا جائے اور وہ کسی دباؤ یا ناخوشگوار صورتحال کا شکار نہ ہوں۔ اداکارہ نے انہیں نہایت شفیق اور حفاظت کرنے والا ساتھی قرار دیا۔