اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف آج جمعرات کو کشمیر چوک انڈر پاس کا باضابطہ افتتاح کریں گے، جس کے بعد اسے فوری طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بدھ کے روز منصوبے کا دورہ کرکے تکمیلی مراحل، فنشنگ ورک اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ تکنیکی و انتظامی حکام بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ عوامی سہولت کا یہ اہم منصوبہ غیر معمولی رفتار سے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے، جو پاکستان کی تعمیراتی تاریخ میں ایک اہم کامیابی ہے۔ ان کے مطابق انڈر پاس کی تکمیل سے اسلام آباد، راولپنڈی اور مری کے درمیان سفر کرنے والے شہریوں اور سیاحوں کو ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ تعمیر کے دوران موجودہ درختوں کے تحفظ کا خصوصی خیال رکھا گیا، جبکہ ماحولیاتی بہتری اور سبزے میں اضافے کے لیے منصوبے کے اطراف 6 ہزار نئے پودے اور درخت بھی لگائے گئے ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ حکومت کی ترجیح عوامی فلاح کے ترقیاتی منصوبوں کو کم سے کم وقت میں اعلیٰ تعمیراتی معیار کے مطابق مکمل کرنا ہے۔ انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر سی ڈی اے اور فیلڈ ٹیموں کی کوششوں کو سراہا۔
دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی وزراء کو انڈر پاس کے آپریشنل انتظامات اور ٹریفک مینجمنٹ پلان کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔