تازہ ترین

کم آمدن اور متوسط طبقے کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں، وزیراعظم

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر اور اسے جدید طبی سہولیات سے آراستہ کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ منصوبے کے تمام اہداف مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تقرریوں کا عمل مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر انجام دیا جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ جائزہ اجلاس میں اسلام آباد میں زیرِ تعمیر بین الاقوامی معیار کے جناح میڈیکل کمپلیکس کے مختلف مراحل اور تعمیراتی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے اب تک ہونے والی پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے میں کم آمدن اور متوسط طبقے کو تشخیص اور علاج کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے پیٹس اسکین سمیت دیگر جدید تشخیصی سہولیات کو منصوبے کا کلیدی حصہ بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی معیار کے مطابق بہترین علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کسی نجی ادارے کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر کا 59 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے، جبکہ مرکزی اسپتال اور پارکنگ پلازہ کا بنیادی ڈھانچہ بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

بریفنگ کے مطابق 403 بستروں پر مشتمل اس منصوبے کو 23 مارچ 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ طبی آلات کی تنصیب اور دیکھ بھال، اسپتال کے ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹم اور دیگر انتظامی امور پر بھی کام جاری ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ایچ الیون میں جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر کے دوسرے مرحلے کے نظرثانی شدہ ڈیزائن کے تحت قومی سطح پر مسابقتی بولی کا عمل شروع کردیا گیا ہے، جبکہ تعمیراتی کام بھی جلد شروع ہوجائے گا۔ منصوبے کے لیے جدید تشخیصی مشینری اور اسکینرز کی خریداری پر بھی پیش رفت جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، سید مصطفیٰ کمال، طارق فضل چوہدری اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.