جنگ روکنے کا فیصلہ واشنگٹن کے ہاتھ میں ہے،محمد باقر قالیباف
تہران: ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن اقدام کی ذمہ داری واشنگٹن پر عائد ہوتی ہے، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور امریکا کے ساتھ مذاکرات میں ایران کے چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ جنگ روکنے کا فیصلہ اب امریکی قیادت کے ہاتھ میں ہے۔
ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی تقریر میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ خطے کے ممالک کو معلوم ہونا چاہیے کہ ایران جنگ کے لیے بھی تیار ہے اور اس نے اپنی انگلی ٹریگر پر رکھی ہوئی ہے، تاہم ایران نے امریکی فریق کو ایک مضبوط اور منطقی جواب بھی دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب گیند امریکا کے کورٹ میں ہے اور جنگ کو روکنے کا فیصلہ واشنگٹن کو کرنا ہے۔
قالیباف کے بیان میں ایک جانب ایران کی عسکری تیاری کا اظہار کیا گیا، جبکہ دوسری جانب امریکا کو سفارتی راستہ اختیار کرنے کا پیغام بھی دیا گیا۔
ایرانی چیف مذاکرات کار کے مطابق تہران امریکی مؤقف کا جواب دے چکا ہے اور اب یہ واشنگٹن پر منحصر ہے کہ وہ جنگ روکنے کے لیے کیا قدم اٹھاتا ہے۔