کراچی: ملک کی اہم تجارتی گزرگاہ کراچی پورٹ پر بندرگاہی سرگرمیوں کو تیز، محفوظ اور مؤثر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرادی گئی ہے، جس کے تحت کنٹینرز کی اسکیننگ، کارگو کی نقل و حرکت اور ڈرائیوروں کی ڈیجیٹل تصدیق کے نظام میں نمایاں بہتری لائی جارہی ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور ٹرمینل آپریٹر کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل (کے آئی سی ٹی) کے اشتراک سے پورٹ آپریشنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
ان اقدامات کے تحت ڈرائیو تھرو این ایل سی اسکیننگ سسٹم کے ذریعے اب فی گھنٹہ 25 سے 30 کنٹینرز کی اسکیننگ ممکن ہوگئی ہے، جس سے کنٹینرز کی جانچ کے عمل میں تیزی آئے گی اور بندرگاہی سرگرمیوں کی مجموعی کارکردگی بہتر ہوگی۔
کراچی پورٹ کے یارڈ آپریشنز کو مزید تیز اور ماحول دوست بنانے کے لیے برقی ریچ اسٹیکرز بھی متعارف کرادیے گئے ہیں، جبکہ یارڈ میں 27 نئے ٹریلرز شامل کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات سے بندرگاہ کے اندر کارگو کی نقل و حرکت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
کے پی ٹی کے مطابق جدید انتظامات کے نتیجے میں کنٹینرز کی ترسیل اور جہازوں کے آپریشنز میں تیزی آئے گی، جبکہ جہازوں کے ٹرن اراؤنڈ ٹائم اور مجموعی پیداواری صلاحیت میں بھی بہتری متوقع ہے۔
دوسری جانب کے آئی سی ٹی ٹرین منصوبے کے تحت کراچی کو لاہور کے علاقے جیا باگہ ڈرائی پورٹ سے منسلک کیا جارہا ہے، جس سے مال برداری کے نظام اور زمینی تجارتی رابطوں کو فروغ ملے گا۔
بندرگاہ کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے چہرے کی شناخت پر مبنی ڈیجیٹل تصدیقی نظام بھی متعارف کرادیا گیا ہے۔ بیرونی ڈرائیوروں کی بائیومیٹرک رجسٹریشن اور داخلی دروازوں پر فوری تصدیق کا نظام فعال کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے پی ٹی کے مطابق کراچی پورٹ پر اب تک 23 ہزار بیرونی ڈرائیوروں کی رجسٹریشن مکمل ہوچکی ہے۔ ڈرائیوروں کی ڈیجیٹل تصدیق کو ٹرمینل آپریٹنگ سسٹم سے بھی منسلک کردیا گیا ہے، جس سے بندرگاہ میں داخلے کے عمل کو مزید جدید اور مؤثر بنایا جارہا ہے۔