تازہ ترین

پاکستان اور سنگاپور اقتصادی و سفارتی تعلقات نئی بلندیوں تک لے جانے پر متفق

0

پاکستان اور سنگاپور نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی ممکنہ بحالی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن نے دورہ اسلام آباد کے دوران وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں شہباز شریف اور سنگاپور کے وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو کی۔ اس موقع پر تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت، مالیاتی ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، لاجسٹکس، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور خدمات کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سنگاپور کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک رواں سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ انہوں نے سنگاپور کی معاشی ترقی اور جدت طرازی میں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان دوطرفہ سطح کے علاوہ آسیان کے ذریعے بھی سنگاپور کے ساتھ شراکت داری کو اہمیت دیتا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی فائدے کے لیے اقتصادی تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے، عوامی روابط بڑھانے اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پر رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس سے قبل نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور فنی مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سفارتی تعلقات کے مقابلے میں اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے اور تجارت و سرمایہ کاری کے دستیاب امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور کاروباری طبقے و سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرکے اقتصادی تعلقات کو نئی سطح پر لے جایا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس کے امور بورڈ آف انویسٹمنٹ میں ضم کردیے گئے ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کو ایک ہی جگہ مؤثر سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔

اسحاق ڈار نے استعداد کار میں اضافے کے لیے سنگاپور کے تعاون کو سراہتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 1500 پاکستانی سرکاری افسران سنگاپور کے تربیتی پروگراموں سے استفادہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے فنی تعلیم کے شعبے میں سنگاپور کے انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور پاکستان کے نیوٹیک کے درمیان تعاون کے انتظامات جلد حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں آسیان کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے روابط اور 2027 میں سنگاپور کی تنظیم کی سربراہی کے دوران تعاون کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی و عالمی پیش رفت، فلسطین، جموں و کشمیر اور عالمی عدالت انصاف سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے تنازعات کے حل اور پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو بنیادی ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان براہِ راست پروازوں کی ممکنہ بحالی پر بھی بات ہوئی ہے، جس سے کاروباری سفر، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر ہونے والی یہ ملاقاتیں اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی مشترکہ کوششوں کا حصہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.