تازہ ترین

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کا مطالبہ، مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے پر زور

0

لاہور: پنجاب میں طویل عرصے سے زیر التوا بلدیاتی انتخابات کرانے کے مطالبے نے زور پکڑ لیا ہے، مختلف سماجی اور جمہوری حلقوں نے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ مقامی سطح پر منتخب نمائندوں کے ذریعے عوامی مسائل حل کرنے کا نظام بحال کیا جائے۔

اس حوالے سے ہونے والے ہنگامی اجلاس میں کوالیشن فار دی ریسٹوریشن آف الیکٹڈ لوکل گورنمنٹ سسٹم اِن پنجاب اور ادارے بیداری کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بلدیاتی انتخابات کے باقاعدہ انعقاد اور منتخب مقامی اداروں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے قانونی اور آئینی تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

اجلاس کے شرکا نے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی، مقامی حکومتوں کے لیے مناسب فنڈز کی فراہمی، خواتین کی نمائندگی مضبوط بنانے اور منتخب کونسلوں کو اختیارات منتقل کرنے کے واضح طریقہ کار کی ضرورت پر زور دیا۔

شرکا کے مطابق بااختیار مقامی حکومتیں عوامی مسائل کے فوری حل، بہتر خدمات کی فراہمی اور جمہوری عمل میں شہریوں کی مؤثر شرکت کے لیے ضروری ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 تک مؤخر کرنے کی تجویز مسترد کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق صوبائی حکومت نے سردیوں میں دھند اور رمضان المبارک کے دوران انتظامی مشکلات کو انتخابات میں تاخیر کی وجوہات قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ پنجاب میں آخری منتخب مقامی حکومتوں کی مدت دسمبر 2021 میں ختم ہوگئی تھی۔ اجلاس کے شرکا نے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ باہمی رابطے کے ذریعے انتخابات کا شیڈول جلد حتمی شکل دیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.