راولپنڈی: سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں ان کی چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور پاکستان و سنگاپور کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور ادارہ جاتی روابط کو مستحکم بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
گفتگو میں علاقائی امن و استحکام کے لیے مسلسل رابطوں اور تعمیری مکالمے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی روابط اور مثبت سفارتی رابطے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
سنگاپور کے وزیر خارجہ نے بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا۔