اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے سیکریٹری جنرل لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعمان محمود سے ملاقات کی، جس میں خطے میں دیرپا امن کے فروغ کے لیے دفاعی معاہدے کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے نعمان محمود کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جاری سفارتی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔
دوسری جانب اسحاق ڈار نے عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق عمانی وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران پرتپاک میزبانی پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دورے کے دوران طے پانے والے معاملات پر پیش رفت جاری رکھنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کے رابطوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
گفتگو میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے امن اور استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے اسی روز پاکستان کی تجارت اور برآمدات کے فروغ سے متعلق بین الوزارتی اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں تجارتی سہولتوں میں بہتری، پاکستانی مصنوعات کے معیار کو بلند کرنے اور یورپی یونین کے جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ نے جی ایس پی پلس فریم ورک سے بھرپور استفادے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ وزارتوں کو برآمدات کے فروغ اور تجارت میں سہولت کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔