تازہ ترین

کرکٹ میں نیا فارمیٹ متعارف، لڑکے اور لڑکیاں مل کر ٹیم کا اسکور بنائیں گے

0

کرکٹ کی دنیا میں ایک منفرد فارمیٹ متعارف کرانے کی تیاری کی جارہی ہے، جس میں لڑکے اور لڑکیاں الگ الگ اننگز کھیلیں گے، لیکن دونوں کی کارکردگی ایک ہی ٹیم کے مجموعی اسکور میں شامل ہوگی۔ ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ کے نام سے یہ ٹورنامنٹ 14 سے 29 نومبر 2026 تک سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں منعقد ہوگا۔

منتظمین کے مطابق اس ایونٹ میں 13 سے 21 سال کی عمر کے 160 نوجوان کرکٹرز شرکت کریں گے، جنہیں چار براعظمی ٹیموں میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر ٹیم میں 20 لڑکے اور 20 لڑکیاں شامل ہوں گے، جبکہ مقابلوں میں دونوں کی کارکردگی مشترکہ ٹیم اسکور کا حصہ بنے گی۔

اس فارمیٹ میں لڑکے دوسری ٹیم کے لڑکوں کے خلاف اور لڑکیاں دوسری ٹیم کی لڑکیوں کے مدمقابل کھیلیں گی، تاہم میچ کا فیصلہ دونوں گروپس کے مجموعی اسکور کی بنیاد پر ہوگا۔ اس طرح لڑکوں اور لڑکیوں کی انفرادی کارکردگی کے بجائے پوری ٹیم کی مشترکہ کارکردگی کو کامیابی کا معیار بنایا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں مجموعی طور پر 80 اوورز کھیلے جائیں گے۔ پہلے 40 اوورز دن کے وقت سرخ گیند اور روایتی سفید لباس میں ہوں گے، جبکہ باقی 40 اوورز فلڈ لائٹس میں سفید گیند اور رنگین لباس کے ساتھ کھیلے جائیں گے۔ یوں اس فارمیٹ میں روایتی ٹیسٹ کرکٹ اور محدود اوورز کی کرکٹ کے مختلف انداز یکجا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

اس ایونٹ کے مشاورتی بورڈ میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز، آسٹریلیا کے سابق کرکٹر میتھیو ہیڈن اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کے بچپن کے کوچ راجکمار شرما عالمی سلیکشن کمیٹی کی سربراہی کریں گے۔

کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا فائنل 29 نومبر کو شیڈول ہے، جبکہ تمام میچز سونی اسپورٹس نیٹ ورک پر براہِ راست نشر کیے جانے کی توقع ہے۔

کرکٹ کے اس نئے تجربے کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو ایک منفرد مقابلے میں صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ مشترکہ اسکور اور لڑکوں و لڑکیوں کی الگ الگ اننگز پر مشتمل یہ فارمیٹ شائقین میں کتنی مقبولیت حاصل کرتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.