تازہ ترین

ڈامب میں بلوچستان کے پہلے تجارتی جھینگا فارمنگ منصوبے کا معاہدہ طے پا گیا

0

بلوچستان کے ساحلی علاقے ڈامب میں صوبے کے پہلے تجارتی جھینگا فارمنگ منصوبے کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت نجی شعبہ ایک ارب 11 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، جبکہ مقامی افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

معاہدے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی موجودگی میں ہاؤس آف کاسب کنسورشیم کے چیف ایگزیکٹو سعد زاہد اور سیکرٹری محکمہ ماہی گیری طارق قمر نے دستخط کیے۔

جاری اعلامیے کے مطابق منصوبے کی 20 سالہ آپریشنل مدت کے دوران حکومت بلوچستان کو 86 کروڑ 60 لاکھ روپے منافع حاصل ہونے کی توقع ہے۔ منصوبے کے تحت تمام ملازمتیں مقامی افراد کو فراہم کی جائیں گی، جس سے علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جھینگا فارمنگ کا منصوبہ صوبے میں سرمایہ کاری، برآمدات اور آبی زراعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کے مطابق بلوچستان کے ساحلی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر مقامی آبادی کے لیے روزگار اور معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔

وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ بلاول خان کاکڑ نے بھی ڈامب جھینگا فارمنگ منصوبے کو صوبائی معیشت کے لیے اہم قرار دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.