وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کو دہشت گردی کے خلاف مؤثر پیش رفت قرار دیتے ہوئے آپریشن کے دوران پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت اور چار کے زخمی ہونے پر فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ صوبے میں امن و امان کی بحالی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قابلِ تحسین ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور ترقیاتی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں اور صوبے میں دہشت گردی و بدامنی کی کوئی گنجائش نہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوم کے اعتماد اور حمایت کے مستحق ہیں۔