تازہ ترین

این اے 168 بہاولپور ضمنی انتخاب: ملک منیر اقبال چنڑ کامیاب، وزیراعظم کی مبارکباد

0

اسلام آباد- قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کامیاب ہوگئے۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملک منیر اقبال چنڑ نے 79,306 ووٹ حاصل کیے، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ 42,623 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک منیر اقبال چنڑ کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے بھائی، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کو بھی مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک منیر اقبال چنڑ کی کامیابی عوام کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک منیر اقبال چنڑ کے والد، ملک محمد اقبال چنڑ مرحوم نے قائد محمد نواز شریف کے ساتھ طویل عرصے تک پارٹی سے وفاداری نبھائی اور مسلم لیگ (ن) کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کے صاحبزادے کی کامیابی اسی وفاداری اور عوامی خدمت کے تسلسل کی عکاس ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہاولپور کے عوام نے جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے نمائندے کا انتخاب کیا۔

حلقہ این اے 168 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ 27 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں پولنگ 292 پولنگ اسٹیشنز پر صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.