پی ٹی آئی لانگ مارچ کے پیش نظر راولپنڈی ریجن میں موبائل و انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن کرنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے راولپنڈی ریجن کے مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے، جس میں راولپنڈی اور اٹک کے مخصوص مقامات پر موبائل اور انٹرنیٹ سروسز محدود کرنے کے اقدامات کی درخواست کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے راولپنڈی میں مخصوص مقامات پر ٹو جی، تھری اور فور جی نیٹ ورک جیمنگ کی درخواست کی ہے، جبکہ اٹک میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
مراسلے میں موٹروے کے مختلف مقامات، جن میں براہمہ باہتر، گنجو، احاطہ، ٹیکسلا سٹی، واہ صدر، تھلیاں اور چکری شامل ہیں، پر موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے اور جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق راولپنڈی اور اٹک کے مخصوص مقامات پر 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ رہیں گی۔ موبائل اور انٹرنیٹ سگنلز محدود یا معطل کرنے کی درخواست امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی سفارش پر کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔