سیلا یاسر کا ڈیجیٹل کریئٹر کے طور پر نیا سفر شروع
کراچی: معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر اور اداکار و ہدایتکار یاسر نواز کی 21 سالہ بیٹی سیلا یاسر نے ڈیجیٹل دنیا میں قدم رکھتے ہوئے اپنے نئے سفر کا آغاز کردیا، پہلی ہی ویڈیو میں انہوں نے اپنی تعلیم، پسند ناپسند اور مستقبل کے کانٹینٹ سے متعلق دلچسپ باتیں شیئر کردیں۔
سیلا یاسر نے انسٹاگرام پر اپنی پہلی ’’گیٹ ریڈی ود می‘‘ ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ رواں برس جولائی میں برطانیہ سے فیشن ڈیزائننگ میں گریجویشن مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آئی ہیں۔
سیلا کے مطابق اب وہ اپنے فارغ وقت کو سوشل میڈیا پر فیشن، میک اپ اور اسٹائلنگ سے متعلق کانٹینٹ بنانے میں استعمال کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے ان موضوعات میں دلچسپی رکھنے والے صارفین کو اپنا اکاؤنٹ فالو کرنے کی دعوت بھی دی۔
اپنی پسند ناپسند کا ذکر کرتے ہوئے سیلا نے بتایا کہ انہیں دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا، سونا، سفر کرنا اور شاپنگ کرنا بے حد پسند ہے۔ موسیقی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کی پسند محدود نہیں اور وہ کاوش سے لے کر ہارڈ راک تک مختلف موسیقی سن سکتی ہیں۔
سیلا نے دلچسپ انداز میں بتایا کہ اپنے شہر میں وہ زیادہ تیار نہیں ہوتیں، تاہم سفر کے دوران ان کے لُکس ریڈ کارپٹ پر موجود مشہور شخصیات کو بھی مقابلہ دے سکتے ہیں۔
سیلا یاسر کی پہلی ویڈیو کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی خاصی پذیرائی مل رہی ہے، جبکہ ان کی والدہ ندا یاسر نے بھی بیٹی کے نئے سفر کی حمایت کرتے ہوئے پوسٹ پر ’’لوو یو‘‘ لکھا۔