تازہ ترین
کوئٹہ: بلوچستان میں یتیم اور بے سہارا بچیوں کو تعلیم کے ساتھ عملی زندگی کیلئے تیار کرنے کی جانب اہم قدم اٹھایا گیا ہے، ایس او ایس ویلیج کی 10 بچیوں نے ایک سالہ بیوٹیشن کورس کامیابی سے مکمل کرکے پیشہ ورانہ میدان میں قدم رکھنے کی بنیاد رکھ دی۔
ایس او ایس ویلیج کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بچیوں کی پیشہ ورانہ تربیت مکمل ہونے پر تقسیمِ اسناد کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں کورس مکمل کرنے والی بچیوں کو اسناد پیش کی گئیں۔
یہ تربیتی پروگرام بچیوں کو تعلیم کے ساتھ ایسا ہنر فراہم کرنے کی کوشش ہے جس کے ذریعے وہ مستقبل میں اپنے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرسکیں اور معاشی طور پر خودمختار بن سکیں۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان نے ایس او ایس ویلیج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ گزشتہ 20 برس سے یتیم بچوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور ان کے باوقار مستقبل کیلئے کام کررہا ہے۔
گورنر بلوچستان کے مطابق یتیم اور مستحق بچیوں کیلئے معاشی خود انحصاری کے مقصد سے شروع کیا گیا پروفیشنل ٹریننگ پروگرام قابلِ تحسین اقدام ہے، کیونکہ جدید دور میں تعلیم کے ساتھ عملی مہارتیں بھی نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روایتی تعلیم کے ساتھ جدید اور پیشہ ورانہ مہارتیں سکھانے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو عملی زندگی میں استعمال کرسکیں۔
گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ خواتین صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، انہیں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کیلئے مناسب مواقع فراہم کرنا ضروری ہے۔
بیوٹیشن کورس مکمل کرنے والی بچیوں کی کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ مناسب رہنمائی، تعلیم اور تربیت کے مواقع ملیں تو یتیم اور بے سہارا بچیاں بھی اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے اہم قدم اٹھا سکتی ہیں۔
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.