اسلام آباد: پاکستان میں مہنگائی کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا اور سالانہ بنیادوں پر مجموعی شرح 8.62 فیصد تک پہنچ گئی، جبکہ ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی میں 0.23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان بیورو آف شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ اضافے کی بڑی وجوہات میں پٹرولیم مصنوعات اور بعض ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ شامل ہے۔
ہفتہ وار بنیادوں پر پٹرول کی قیمت میں 6.18 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 5.49 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ایل پی جی بھی 4.32 فیصد مہنگی ہوئی۔
دیگر اشیاء میں دال ماش کی قیمت 0.79 فیصد، کپڑے دھونے کے صابن کی 0.49 فیصد اور گندم کے آٹے کی قیمت میں 0.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب بعض اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی۔ کیلے 7.73 فیصد، ٹماٹر 5.24 فیصد، مرغی کا گوشت 4.22 فیصد، پیاز 3.72 فیصد اور آلو 1.88 فیصد سستے ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 51 ضروری اشیاء میں سے 14 کی قیمتوں میں اضافہ، 10 میں کمی جبکہ 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
سالانہ بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں سب سے زیادہ 125.52 فیصد اضافہ ہوا۔ ایل پی جی 55.42 فیصد، ڈیزل 45.26 فیصد اور پٹرول 39.10 فیصد مہنگا ہوا۔
اسی عرصے میں آٹے کی قیمت میں 30.18 فیصد جبکہ بجلی کی قیمت میں 25.24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب آلو 35.21 فیصد، مرغی کا گوشت 24.30 فیصد اور چینی 20.88 فیصد سستی ہوئی۔