جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خلاف حکومت پر دباؤ بڑھاتے ہوئے 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے واضح کیا کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو ملک بھر سے لاکھوں افراد اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
گوجرانوالہ میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ حکومت راستے میں جتنے چاہے کنٹینر لگا لے، جماعت اسلامی کے کارکن اور عوام رکاوٹیں ہٹا کر اسلام آباد پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بناتی ہے، تاہم یہ بتایا جائے کہ پیٹرولیم لیوی اور بھاری ٹیکس کیوں عائد کیے جارہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ مقامی تیل کی قیمت بھی درآمدی تیل کے برابر وصول کی جارہی ہے، جس سے عوام پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔
انہوں نے شوگر ملوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے حقوق اور ان کی عدم رجسٹریشن پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں کو بنیادی حقوق نہیں مل رہے جبکہ مائیں اور بہنیں بھی مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے پنجاب میں خواتین سے متعلق 6500 زیادتی کے مقدمات رپورٹ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکمران خاندان غریب عوام کا استحصال کررہا ہے اور مریم نواز کے بیرون ملک اخراجات کی تفصیلات سامنے آنی چاہئیں۔