کیموتھراپی کے مضر اثرات سے اعصابی نقصان روکنے کی امید
ایک نئی تحقیق میں سائلوسائبن نامی قدرتی مرکب کے بارے میں حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں، جس کے مطابق یہ کیموتھراپی کے نتیجے میں ہونے والے اعصابی نقصان کو روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
سائلوسائبن ایک ایسا مرکب ہے جو بعض مخصوص کھمبیوں میں پایا جاتا ہے۔ سائنسدانوں نے ابتدائی تجربات چوہوں پر کیے، جن میں کیموتھراپی کے باعث پیدا ہونے والے اعصابی نقصان کو روکنے کے امکانات سامنے آئے۔
محققین کا کہنا ہے کہ نتائج امید افزا ہیں، تاہم ابھی یہ ثابت ہونا باقی ہے کہ یہی اثر انسانوں میں بھی حاصل ہوگا یا نہیں۔
اس حوالے سے انسانی طبی آزمائشیں شروع کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جن سے اس مرکب کی افادیت اور حفاظت کے بارے میں مزید معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔