تازہ ترین

محسن نقوی کا کراچی پاسپورٹ آفس اور ایئرپورٹ کا دورہ، سہولیات میں اضافے کا اعلان

0

کراچی میں پاسپورٹ اور امیگریشن سہولیات سے متعلق اہم اقدامات سامنے آگئے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کرکے شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور امیگریشن کا عمل بلا تعطل جاری رکھنے کی ہدایات جاری کردیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں عوامی مرکز پاسپورٹ آفس اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاسپورٹ کے حصول کی سہولیات مزید وسعت دینے کا اعلان کیا۔

ہفتے کے روز کراچی ایئرپورٹ کے دورے کے دوران انہوں نے امیگریشن سسٹم میں خرابی کا فوری نوٹس لیا اور اسے ہنگامی بنیادوں پر بحال کرنے کی ہدایت کی۔

وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق محسن نقوی نے عوامی مرکز کراچی میں واقع پاسپورٹ آفس میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور درخواست گزاروں سے ٹوکن کے اجرا اور کاؤنٹر تک باری آنے میں لگنے والے وقت کے بارے میں دریافت کیا۔

شہریوں نے پاسپورٹ کے اجرا کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا کام چند منٹوں میں مکمل ہوگیا اور انہیں طویل انتظار سمیت کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

وزیر داخلہ نے شہریوں کی سہولت کے لیے پاسپورٹ آفس کی سہولیات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزارت داخلہ کے مطابق محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں وہ کاؤنٹرز پر کارروائی کا جائزہ لے رہے تھے کہ اسی دوران امیگریشن سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی۔

وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کرکے خرابی دور کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایسے واقعات کی صورت میں متبادل انتظامات ہر حال میں یقینی بنائے جائیں۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ امیگریشن کا عمل کسی بھی صورت میں نہیں رکنا چاہیے۔

انہوں نے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے امیگریشن کے عمل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

وزیر داخلہ نے حکام کو جعلی، نامکمل اور غیر تصدیق شدہ سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایسے افراد کو کسی بھی صورت سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عوامی مرکز پاسپورٹ آفس میں یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب رواں سال جون میں اسی دفتر کے اہلکاروں کو ایک غیر ملکی شہری کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے کے سنگین الزام میں معطل کیا گیا تھا۔

محسن نقوی اس سے قبل بھی کراچی کے دورے کرچکے ہیں۔ جولائی کے اواخر میں انہوں نے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی، جبکہ جون میں صفورا گوٹھ کے علاقے میں نادرا کے میگا سینٹر کا اچانک دورہ بھی کیا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.