تازہ ترین

گڈز ٹرانسپورٹرز کا 10 اکتوبر سے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

0

لاہور: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے کی صورت میں 10 اکتوبر سے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کردیا۔
لاہور میں ایسوسی ایشن کے صدر نبیل محمود طارق کی زیر صدارت اجلاس میں ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کی سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر حاجی عرفان سلطان، نائب صدر ممتاز علی خان، مرزا ارشد اقبال اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
ٹرانسپورٹرز نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ کے تحت فوری ریلیف فراہم کرنے اور حالیہ احتجاج و دھرنوں کے دوران ضبط کیے گئے کنٹینرز فوری واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایسوسی ایشن نے احتجاج اور کاروباری سرگرمیوں میں رکاوٹ سے متاثر ہونے والے ٹرانسپورٹرز کے لیے 20 ہزار اور 35 ہزار روپے معاوضے کی ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا۔
ٹرانسپورٹرز نے سیلز ٹیکس انوائسز کے معاملے پر گاڑیوں کو روکنے اور جرمانے عائد کرنے کا سلسلہ ختم کرنے کے ساتھ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ بھی کیا۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے سابقہ ہڑتال کے دوران ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے اور مطلوبہ ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو 10 اکتوبر سے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ سروسز مکمل طور پر معطل کردی جائیں گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.