تازہ ترین

لانگ مارچ بھی ہوگا، مذاکرات کے لیے بھی تیار ہیں، اپوزیشن اتحاد

0

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کے معاملے پر اپوزیشن اتحاد نے حکومت سے مذاکرات کا آپشن برقرار رکھنے کا اعلان کردیا، جبکہ احتجاج کو پرامن رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کے اہم اجلاس میں 4 اکتوبر کے لانگ مارچ، خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی سے متعلق خبروں اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے لانگ مارچ کی تیاریوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی گفتگو کی۔ اپوزیشن اتحاد نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے باضابطہ رابطہ نہ ہونے کے باوجود مذاکرات کا راستہ کھلا رکھا جائے گا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ ملک کو سیاسی، معاشی اور امن و امان کے بحران کا سامنا ہے اور ان مسائل کا حل طاقت کے بجائے سیاسی مذاکرات سے نکالا جانا چاہیے۔

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اجلاس میں لانگ مارچ کے ساتھ خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی سے متعلق خبروں پر بھی غور کیا گیا۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اپوزیشن اپنے تمام تحفظات حکومتی نمائندوں کے سامنے رکھ چکی ہے اور وہ اب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مرضی کے خلاف اقدامات سے وفاق کمزور ہوگا۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے درمیان ممکنہ ملاقات کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔ محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کے خط کا جواب دینے کا اعلان کیا، تاہم وزیراعظم ہاؤس یا وزیراعظم آفس میں ملاقات نہ کرنے کا مؤقف اختیار کیا۔

اپوزیشن اتحاد نے کہا کہ 4 اکتوبر کا احتجاج پرامن ہوگا اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بھی کھلے رہیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.