تازہ ترین

حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کامیاب یا ناکام؟ متضاد دعوے سامنے آگئے

0

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور میں اہم پیش رفت کا دعویٰ سامنے آیا ہے، تاہم بعض نکات پر فریقین کے درمیان اختلاف رائے بھی برقرار ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں اور فریقین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مشترکہ ڈرافٹ کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ مذاکرات کے حوالے سے کچھ دیر میں باضابطہ بریفنگ کا بھی امکان ہے۔

مذاکرات کے دوسرے دور میں دونوں جانب سے پیش کیے گئے مطالبات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ بات چیت کے دوران بعض نکات پر فریقین کے مؤقف میں اختلاف بھی سامنے آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی عمل کے دوران کئی مواقع پر صورتحال کشیدہ ہوئی، تاہم اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فریقین کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے آگے بڑھانے میں کردار ادا کیا۔

اسپیکر ایاز صادق نے دونوں فریقین کے تحفظات سنے اور انہیں مذاکراتی میز پر برقرار رکھنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں مذاکراتی عمل میں تعطل کا امکان ٹل گیا۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران اختلافی نکات پر دونوں جانب سے مؤقف میں سختی بھی دیکھنے میں آئی اور بعض مواقع پر ماحول میں تناؤ بڑھا، تاہم کسی بھی فریق کو مذاکرات سے واک آؤٹ نہیں کرنے دیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی کوششوں کے نتیجے میں حکومت اور اپوزیشن نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ دونوں فریقین نے مذاکراتی کمیٹیوں کے ذریعے مستقبل میں بھی سیاسی معاملات پر مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے بیرسٹر گوہر اور علامہ راجا ناصر عباس سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے کہا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کو آگاہ کیا جائے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی کسی پیش رفت یا حتمی اعلان کا فیصلہ کیا جائے گا، اس سے پہلے کوئی اعلان نہیں کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.