سائبر کرائم کے خلاف کارروائی، جی-6 کال سینٹر سے ڈیوائسز ضبط
اسلام آباد میں سائبر جرائم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے این سی سی آئی اے نے جی-6 میں قائم ایک غیرملکی آن لائن کال سینٹر پر چھاپہ مار کر متعدد ڈیجیٹل ڈیوائسز اور دیگر مواد قبضے میں لے لیا، تاہم کارروائی کے وقت کوئی مشتبہ شخص موقع پر موجود نہیں تھا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر وارنٹ کے ساتھ کال سینٹر میں ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی۔ چھاپے کے دوران سائبر کرائم میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی تمام ڈیجیٹل ڈیوائسز اور متعلقہ مواد ضبط کرلیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے وقت سائبر کرائم میں ملوث غیرملکی اور مقامی ملزمان موقع پر موجود نہیں تھے، جبکہ ضبط شدہ ڈیجیٹل سامان کو تفصیلی فارنزک معائنے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق فارنزک تجزیے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔ ادارے نے واضح کیا کہ دھوکا دہی، جعلی کال سینٹرز اور آن لائن فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔