تازہ ترین

پاکستان میں کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ، 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تاریخوں کا اعلان

0

پاکستان ایک بار پھر جنوبی ایشیا کے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے، 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی تاریخوں اور میزبانی کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔ میگا ایونٹ اگلے سال 3 سے 11 اپریل تک پاکستان میں منعقد ہوگا، جس میں خطے کے مختلف ممالک کے ہزاروں کھلاڑی اور آفیشلز شرکت کریں گے۔

ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے اسلام آباد میں ہونے والے اہم اجلاس کے دوران 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کے شیڈول اور میزبانی کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گیمز کے مقابلے ملک کے تین بڑے شہروں اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں منعقد کیے جائیں گے۔ تینوں شہروں میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے لیے انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ قومی سطح پر ایونٹ کی تیاریوں کو بھی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کے اجلاس میں خطے کے رکن ممالک کی نمائندگی بھی ہوئی۔ سری لنکا، بنگلہ دیش، نیپال، بھوٹان اور مالدیپ کے وفود نے اجلاس میں براہ راست شرکت کی، جبکہ بھارتی وفد نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے کہا کہ پاکستان اس بڑے اور تاریخی کھیلوں کے ایونٹ کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ ان کے مطابق گیمز کے انعقاد کے لیے ریاستی سطح پر مکمل تعاون حاصل ہے اور ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں گے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے بھی ساؤتھ ایشین گیمز کے لیے بھرپور تعاون کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی ایونٹ کے انعقاد کے لیے ضروری فنڈز کی منظوری دے چکے ہیں، جس کے بعد کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دینے کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔

حکام کے مطابق 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز میں 4200 سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔ میگا ایونٹ میں مردوں کے 28 جبکہ خواتین کے 25 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، جن میں مجموعی طور پر 346 گولڈ میڈلز داؤ پر لگیں گے۔

ساؤتھ ایشین گیمز، جنہیں ماضی میں سیف گیمز کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، جنوبی ایشیا کے آٹھ ممالک کا سب سے بڑا کثیر کھیلوں کا ایونٹ ہے۔ ان مقابلوں میں خطے کے ممالک کے کھلاڑی مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

پاکستان اس سے قبل 1989 اور 2004 میں بھی ساؤتھ ایشین گیمز کی کامیاب میزبانی کرچکا ہے۔ طویل وقفے کے بعد دوبارہ پاکستان میں ان کھیلوں کا انعقاد ملک میں بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور کھیلوں کے میدان میں پاکستان کے کردار کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.