تازہ ترین

کنڑ اسکول دھماکے کے پیچھے ٹی ٹی پی کا مبینہ بارودی مرکز تھا، حبیب الرحمن حکمت یار کا دعویٰ

0

افغانستان کے صوبہ کنڑ میں اسکول کے قریب ہونے والے تباہ کن دھماکے سے متعلق نیا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ حزبِ اسلامی افغانستان کے رہنما گلبدین حکمت یار کے صاحبزادے حبیب الرحمن حکمت یار نے الزام عائد کیا ہے کہ دھماکا کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے منسوب بارودی مواد تیار کرنے والے ایک مرکز میں ہوا، جس کے نتیجے میں اسکول اور متعدد رہائشی مکانات تباہ ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں حبیب الرحمن حکمت یار نے کہا کہ صوبہ کنڑ کے شہر اسعد آباد میں اندسیر ہائی اسکول کے قریب واقع ٹی ٹی پی سے منسوب دھماکہ خیز مواد بنانے کے مرکز میں دھماکا ہوا۔

ان کے مطابق دھماکے کی شدت سے اسکول کی عمارت اور متعدد رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جبکہ ابتدائی رپورٹس میں طلبہ سمیت بڑی تعداد میں شہریوں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

حبیب الرحمن حکمت یار نے رہائشی علاقوں اور تعلیمی اداروں کے قریب ایسے خطرناک مراکز کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے ٹھکانے عام شہریوں کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

انہوں نے واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ اور کنڑ کے عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی اور جاں بحق افراد کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.