جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے چھوٹے بھائی ضیاء الرحمٰن کو بیرون ملک سے واپسی پر کراچی ائرپورٹ پر امیگریشن حکام نے روک لیا، تاہم اسلام آباد سے اجازت ملنے کے بعد انہیں ائرپورٹ سے روانہ ہونے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ضیاء الرحمٰن رات گئے سعودی عرب سے پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے تھے۔ اس موقع پر جے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری راشد محمود سومرو بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ راشد محمود سومرو درجنوں کارکنوں کے ساتھ ائرپورٹ کے انٹرنیشنل آرائیول لاؤنج کے باہر ضیاء الرحمٰن کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ اسی دوران ائرپورٹ پر تعینات امیگریشن حکام نے ضیاء الرحمٰن کو روک لیا اور فوری طور پر وزارت داخلہ کو ای میل کے ذریعے صورتحال سے آگاہ کیا۔
امیگریشن حکام نے اس معاملے پر اسلام آباد سے باضابطہ جواب طلب کیا تھا۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق متعلقہ حکام کی جانب سے گرین سگنل اور جواب موصول ہونے کے بعد ضیاء الرحمٰن کو ائرپورٹ سے باہر جانے کی اجازت دے دی گئی، جس کے بعد وہ اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئے۔