پیٹ کمنز کو کپتانی سے ہٹایا گیا تو ٹیم میں اپنے مستقبل پر غور کروں گا، جوش ہیزل ووڈ
آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے معاملے پر ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں کپتانی سے ہٹایا گیا تو وہ بھی ٹیم میں اپنے مستقبل کے حوالے سے غور کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوش ہیزل ووڈ نے 2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو اس منصوبے کا علم ہونے کا دعویٰ درست نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فرض کرلینا کہ پوری ٹیم کو اس منصوبے کا علم تھا اور حقیقت میں سب کو معلوم ہونا دو مختلف باتیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں بال ٹیمپرنگ منصوبے کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔
جوش ہیزل ووڈ نے پیٹ کمنز پر ہونے والی تنقید کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند روز سے مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں مسلسل تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے پیٹ کمنز کی بطور کھلاڑی اور کپتان خدمات کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
رپورٹس کے مطابق کیمرون بینکرافٹ کے تازہ انکشافات کے بعد پیٹ کمنز سے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے مطالبات سامنے آنے لگے ہیں۔
بینکرافٹ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ جنوبی افریقا میں بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے صرف اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور وہ خود آگاہ نہیں تھے بلکہ پوری ٹیم کو اس معاملے کا علم تھا۔
دوسری جانب پیٹ کمنز اپنے سابقہ مؤقف پر قائم ہیں، جبکہ ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ ایک پرانے واقعے کی بنیاد پر ان کی قیادت ختم نہیں کی جانی چاہیے۔