ایران یورپ میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جنرل محبی
تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان جنرل محبی نے کہا ہے کہ سپریم لیڈر کی جانب سے حکم ملنے کی صورت میں ایران یورپ میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کسی بھی فوجی کارروائی کا فیصلہ کرے گا تو اس کا کھل کر اعلان بھی کرے گا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنرل محبی نے کہا کہ فی الحال خطے میں جو صورتِ حال جاری ہے، وہ دشمن کی جانب سے نفسیاتی آپریشن کا حصہ ہے، جس کا مقصد ایک مخصوص تاثر قائم کرنا اور ممکنہ جارحانہ کارروائیوں کے لیے ماحول سازگار بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران تھکا دینے والی طویل جنگ جاری رکھنے کا ارادہ نہیں رکھتا بلکہ تنازعے کو فیصلہ کن انجام تک پہنچانا چاہتا ہے۔ ان کے بقول موجودہ صورتِ حال بھی درحقیقت جنگ ہی کی ایک کیفیت ہے۔
ترجمان پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ ایران جنگ کو برداشت نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی ایسے تنازعے میں الجھے گا جو طویل عرصے تک جاری رہے۔