ترکیہ کا بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ قزل ایلما فوجی بیڑے میں شامل
انقرہ: ترکیہ نے دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنے تیار کردہ بغیر پائلٹ لڑاکا طیارے بائراکتار قزل ایلما کو مسلح افواج کے فوجی بیڑے میں شامل کر لیا ہے۔ صدر رجب طیب اردوان نے اس پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے ترک فوج کی جانب سے اس جدید طیارے کے ذریعے مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ترک ڈرون ساز کمپنی بائکار نے جمعرات کو تصدیق کی کہ قزل ایلما کے پہلے تین طیارے ترکیہ کی سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔ یہ پیش رفت طیارے کی پہلی آزمائشی پرواز کے تقریباً چار سال بعد سامنے آئی ہے۔
صدر رجب طیب اردوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں یقین ہے ترک مسلح افواج بائراکتار قزل ایلما کے ذریعے یکے بعد دیگرے کامیابیاں حاصل کریں گی۔ بائکار کے مطابق قزل ایلما دنیا کا پہلا بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ ہے جسے باقاعدہ فوجی خدمات میں شامل کیا گیا ہے۔
کمپنی نے یہ طیارہ اپنے وسائل سے تیار کیا ہے، جسے فضائی لڑائی کے علاوہ زمینی اور بحری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کی تیاری میں یہ صلاحیت بھی مدنظر رکھی گئی ہے کہ طیارہ مختصر رن وے رکھنے والے بحری جہازوں سے پرواز کر سکے اور وہاں لینڈنگ بھی کر سکے۔
قزل ایلما کی لمبائی 14.5 میٹر اور پروں کا پھیلاؤ 10 میٹر ہے، جبکہ اس کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 8.5 ٹن ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ طیارہ آواز کی رفتار کے 90 فیصد، یعنی میک 0.9 تک پہنچنے اور مسلسل تین گھنٹے سے زیادہ فضا میں رہنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
قزل ایلما منصوبے کا اعلان 2021 میں کیا گیا تھا، جبکہ اس کا ابتدائی نمونہ 2022 میں ترکیہ کے شہر سامسون میں منعقدہ ٹیکنو فیسٹ نمائش میں پیش کیا گیا۔ طیارے نے 14 دسمبر 2022 کو شمال مغربی ترکیہ کے شہر چورلو میں پہلی آزمائشی پرواز کی، جو 18 منٹ تک جاری رہی۔
اپریل 2023 میں قزل ایلما نے بائکار کے ایکنچی ڈرون کے ساتھ قریبی فضائی ترتیب میں پرواز کی۔ بعدازاں استنبول میں منعقدہ ٹیکنو فیسٹ کے دوران بھی دونوں طیاروں نے مشترکہ پرواز کا مظاہرہ کیا۔
29 نومبر 2025 کو قزل ایلما نے بحیرہ اسود کے ساحل پر شہر سینوپ کے قریب ایک آزمائشی کارروائی کے دوران ترکیہ میں تیار کردہ گوکدوغان فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے جیٹ انجن والے فضائی ہدف کو نشانہ بنایا۔
دسمبر 2025 میں قزل ایلما کے دو ابتدائی نمونوں نے چورلو کے اوپر خودکار نظام کے تحت ایک دوسرے کے ساتھ قریبی فضائی ترتیب میں پرواز کی۔ بائکار کے مطابق کمپنی کے انجینئرز کے تیار کردہ سافٹ ویئر نے دونوں طیاروں کی نقل و حرکت میں ہم آہنگی پیدا کی اور انہیں پہلے سے طے شدہ راستے پر فضائی نگرانی کے مشن کے لیے بھیجا۔
کمپنی نے اس منصوبے کی تکمیل میں حصہ لینے والی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان افراد کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جو طیارے کی تیاری کے دوران وفات پا گئے۔ بائکار نے اپنے مرحوم بانی اوزدمیر بائراکتار کی خدمات کو بھی یاد کیا، جنہوں نے ترکیہ کے قومی ٹیکنالوجی مشن کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔