کراچی: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے معدنیات، ہائیڈروکاربن، قیمتی پتھروں اور دیگر قدرتی وسائل کی محتاط اندازے کے مطابق مالیت 8 سے 10 کھرب ڈالر تک ہو سکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترکیہ کے تحقیقی جہاز کے ذریعے سمندر میں تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش میں اہم پیش رفت ہوگی۔
کراچی بندرگاہ پر ترکیہ کے زلزلہ پیما تحقیقی جہاز اوروچ رئیس کی آمد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ملک قرار دینے کے تاثر سے وہ اتفاق نہیں کرتے۔ ان کے مطابق حکومت پاکستان کا مجموعی قرض تقریباً 100 ارب ڈالر ہے، جبکہ نجی کمپنیوں اور سرکاری اداروں کی غیر ملکی کرنسی میں واجبات شامل کیے جائیں تو یہ رقم تقریباً 130 ارب ڈالر بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معدنیات، قدرتی وسائل، ہائیڈروکاربن اور قیمتی پتھروں سمیت دیگر قدرتی دولت کی محتاط ترین مالیت 8 سے 10 کھرب ڈالر کے درمیان ہے۔
اسحاق ڈار نے جہاز کی آمد کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سائنسی تحقیق اور تزویراتی تعاون کے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے ترک صدر رجب طیب اردوان، وزیر خارجہ حاقان فیدان اور ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے درمیان دوستی کی بنیادیں قیام پاکستان سے بھی پہلے کی ہیں۔ دونوں ممالک نے مشکل اور خوشی کے ادوار میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور اب اس تاریخی تعلق کو عوام کے لیے عملی مواقع میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اوروچ رئیس جہاز پاکستان کی قومی توانائی کمپنیوں کے تجربے اور ترکیہ کی سائنسی مہارت کو یکجا کرتے ہوئے سمندر میں جدید تحقیق کرے گا۔ جہاز سے حاصل ہونے والے اعدادوشمار سمندر کی تہہ کے نیچے موجود ارضیاتی ساخت کو سمجھنے اور مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں کی بنیاد فراہم کر سکتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ سمندر میں تیل و گیس کی تلاش ایک پیچیدہ، مہنگا اور غیر یقینی عمل ہے۔ زلزلہ پیما سروے تجارتی بنیادوں پر ذخائر کی دریافت کی ضمانت نہیں دے سکتا، تاہم تحقیق اور سروے کے بغیر کسی دریافت کا امکان بھی پیدا نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو تیز رفتار بنیادوں پر رابطہ کاری بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ اہم منصوبوں میں ادارہ جاتی عدم تعاون یا غیر ضروری تاخیر رکاوٹ نہ بنے۔ پاکستان ترکیہ کے ساتھ آف شور تحقیق، معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی سمیت توانائی کے شعبے میں طویل المدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں۔ پاکستان چاہتا ہے کہ پاکستانی ماہرینِ ارضیات اور انجینئرز ترک ماہرین کے ساتھ مل کر کام کریں، جبکہ جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان سمندری سائنس، جیو سائنس اور آف شور انجینئرنگ کے شعبوں میں شراکت داری بھی قائم ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سفارت کاری، دفاع اور تجارت کے شعبوں میں پہلے ہی تعاون موجود ہے، تاہم اب اس تعلق کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ پاکستان طویل المدتی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے اور حکومت شفافیت، پالیسیوں کے تسلسل اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ تحقیقی سروے میں تقریباً پانچ سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مہم پاکستان میں پہلی کامیاب آف شور ڈرلنگ اور تیل و گیس کی تلاش کی راہ ہموار کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بایراکتار نے بتایا کہ تحقیقی جہاز اوروچ رئیس پاکستان کے انڈس آف شور بیسن میں 670 مربع کلومیٹر کے علاقے کا تھری ڈی زلزلہ پیما ڈیٹا جمع کرے گا۔ ان کے مطابق انڈس اور مکران بیسن میں تحقیق کے بعد شناخت شدہ علاقوں میں 2027 کے دوران آپریشن شروع کرنے کا ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی سرکاری پیٹرولیم کمپنی ٹی پی اے او نے پاکستان کی قومی توانائی کمپنیوں او جی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور میری انرجیز کے ساتھ شراکت داری قائم کی ہے۔ پانچ بلاکس کے لائسنسنگ مراحل مکمل ہو چکے ہیں، جن میں تین آف شور اور دو آن شور بلاکس شامل ہیں، جبکہ ان پر کام بھی شروع ہو گیا ہے۔
ترک وزیر کے مطابق جہاز انڈس اور مکران کے سمندری علاقوں میں تحقیق کرے گا۔ انڈس سی بلاک میں 670 مربع کلومیٹر پر تھری ڈی سروے کے علاوہ مکران بلاکس میں 2 ہزار 353 کلومیٹر سروے لائنوں پر ٹو ڈی ڈیٹا بھی جمع کیا جائے گا۔
انہوں نے ترکیہ کے بحیرہ اسود میں 2020 کے دوران قدرتی گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان تجربات سے حاصل ہونے والی مہارت اور انجینئرنگ صلاحیت پاکستان کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔ ان کے مطابق ترکیہ اس وقت ان ذخائر سے روزانہ تقریباً ایک کروڑ مکعب میٹر گیس پیدا کر رہا ہے، جو تقریباً 40 لاکھ گھروں کی ضروریات پوری کرتی ہے، جبکہ پیداوار بڑھا کر چار کروڑ مکعب میٹر تک لے جانے کا ہدف ہے۔
ترک وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی، بجلی اور کان کنی کے شعبوں میں مزید تعاون کے امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان یہ شراکت داری توانائی کی منڈیوں، دوطرفہ تجارت اور معیشتوں کی ترقی میں کردار ادا کر سکتی ہے۔