تازہ ترین

پاکستان نے راولپنڈی ٹیسٹ جیت کر سیریز 1-0 سے اپنے نام کر لی

0

راولپنڈی: پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز میزبان ٹیم نے 90 رنز کا آسان ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے اذان اویس 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ عامر جمال نے ناقابلِ شکست 34 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔ ہدف کے تعاقب میں طیب عارف 13 اور محمد طحہٰ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز سے دوبارہ شروع کی، تاہم پاکستانی بولرز نے مہمان ٹیم کو 316 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ اس طرح پاکستان کو جیت کے لیے 90 رنز کا ہدف ملا۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں عامر جمال اور محمد عباس نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، رضا اللہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ ثاقب خان اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستانی فاسٹ بولرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں صرف 98 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 325 رنز بنائے اور 227 رنز کی برتری حاصل کی۔ غازی غوری 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرتے ہوئے رضا اللہ نے اہم 42 رنز بنائے۔

شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستانی فاسٹ بولرز نے پورے میچ کے دوران راولپنڈی کی پچ سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سری لنکن بیٹرز کو دباؤ میں رکھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.