تازہ ترین

پاکستان اور سوڈان کے درمیان سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا ختم

0

پاکستان اور سوڈان نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ایک دوسرے کے ملک میں داخلے کی خاطر ویزا حاصل کرنے کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید آسان بنانا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے سوڈانی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر محسن نقوی نے معاہدے کو پاکستان اور سوڈان کے دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط کو مزید فروغ ملے گا۔

سوڈان کے وزیر داخلہ نے بھی معاہدے کو دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات مضبوط بنانے اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کے لیے اہم قرار دیا۔

واضح رہے کہ پاکستان حالیہ برسوں میں مختلف ممالک کے ساتھ سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ کے معاہدے کر چکا ہے۔ رواں سال جون میں اٹلی کے ساتھ سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کا معاہدہ کیا گیا تھا، جبکہ جنوری میں صومالیہ کے ساتھ بھی اسی نوعیت کا معاہدہ طے پایا۔

گزشتہ سال جولائی میں پاکستان اور بنگلہ دیش نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو ایک دوسرے کے ممالک میں بغیر ویزا داخلے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا تھا۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات کے ساتھ جون 2025 میں معاہدہ کیا گیا، جس کا نفاذ 25 جولائی 2025 سے ہوا۔ اپریل 2025 میں ہنگری کے ساتھ بھی سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا استثنیٰ کا معاہدہ طے پایا تھا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.